کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ کسی اور کی نہیں ہماری اپنی ہے،پاکستان معاشی دہشت گردی کا شکارہے جس کا مقابلہ کیا جائے گا۔وہ کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کی تقریب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو حکومت کیخلاف ورغلایا جارہا ہے،نواز شریف ہمارے ساتھ ہیں انہیں کہیں نہیں جانے دیں گے۔صدر نے کہا کہ قوموں پر امتحانات آتے ہیں اور یہ امتحا ن کی گھڑی ہے،مجھ پر وہ ذمے داری ہے جو قوموں کو بناسکتی ہے اور بگاڑ بھی سکتی ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ ہمارے ملک میں معاشی دہشت گردی آئی ہے جس کامقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا کیلئے ہمیں متحد ہونا پڑیگا۔
صدر نے کہا کہ ماضی کی حکومت کی غلطیوں کا خمیازہ موجودہ حکومت بھگت رہی ہے،مجھے دباؤ سہنے کی عادت ہے اور میں اچھا پرفارم کررہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں ذمے داریاں ہوتی ہیں وہاں سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا پڑ تا ہے،تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد کے قومی دھارے میں لائے ہیں۔صد ر مملکت نے کہا کہ اوباما کے امریکی صدر منتخب ہونے سے دنیا میں تبدیلی آرہی ہے،اوباما کے آنے سے نئی لہر اور نئی امید آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اور ایم کیوایم نے تقسیم کرکے حکومت کرنے والی فورسز کا مقابلہ کیا۔ان کا کہناتھا کہ جرمنی نے امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔