|
چینی سستی ہوئی تونقصان کاشتکاروں کا ہو گا، شوگر ملز
اسلام آباد: شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ چینی کی فی کلو قیمت پینسٹھ روپے سے کم ہوئی تو کاشتکاروں کے پینتیس ارب روپے بقایاجات ادا کرنا مشکل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق شوگر ملز کے پاس پچیس لاکھ ٹن چینی کے ذخائر موجود ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں کمی کے باعث مقامی چینی کے خریدار موجود نہیں ہیں۔ شوگر ملز کا موقف ہے کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان عالمی منڈیوں سے چینی کی خریداری کے ساتھ ساتھ مقامی شوگر ملوں سے بھی دو لاکھ ٹن چینی خریدے تاکہ شوگر ملز کاشتکاروں کو گنے کی قیمت ادا کر سکیں۔
سینٹر ہارون اختر کا کہنا ہے کہ درآمدی چینی پر پچیس فیصد ٹیکس اور ڈیوٹی عائد کرنے کے بعد اس کی قیمت مقامی چینی کے برابر ہے۔ ٹی سی پی ملکی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی اور بین الااقوامی منڈی سے چینی خریدے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو بذریعہ خط آگاہ کیا ہے کہ مقامی چینی کی ایکس مل قیمت پینسٹھ سے ستر روپے فی کلو تک مقرر نہ کی گئی تو شوگر ملز کاشتکاروں کی رقم ادا نہیں کر سکیں گے۔ |