کراچی : سی این جی اونرز ایسوسی ایشن پاکستان نے کراچی کے لئے فی کلو گرام قیمت سینتالیس روپے پچیس پیسے مقرر کر دی ۔اطلاق آج سے ہو گا ۔سی این جی اونرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ملک خدا بخش نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ کراچی میں تمام اسٹیشنز پر سینتالیس روپے پچیس پیسے فی کلو گرام سی این جی فروخت کی جائے گی ،اگر حکومت کی جانب سے کسی قسم کی مداخلت کی گئی تو تمام اسٹیشنز بند کر دیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم نے سی این جی کی قیمت میں پانچ روپے اٹھاون پیسے اضافہ کیا ہے جبکہ جی ایس ٹی اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ڈیزل کے استعمال میں اضافے سے اخراجات تین روپے بیالیس پیسے بڑ ھ گئے ہیں ۔اس لئے سینتالیس روپے پچیس پیسے سے کم پر فروخت ممکن نہیں ۔ملک خدا بخش نے کہا کہ اگر حکومت کی قیمت میں حالیہ اضافہ واپس لے لے تو سی این جی اڑتیس روپے فی کلو گرام فروخت کرنے کو تیار ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں حکومت سے مذکرات کا آپشن بھی موجود ہے ۔