اسلام آباد: جنرل سیلز ٹیکس کی شرح بڑھنے سے الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ سے سات فیصد اضافہ ہو گیا۔ ڈیلرز کے مطابق بجٹ میں جی ایس ٹی کی شرح میں ایک فیصد اور تین سو برقی آلات پر کسٹم ڈیوٹی میں دس فیصد اضافے کے فیصلے سے الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔ الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ سے سات فیصد اضافہ کم آمدنی والے صارفین کے لئے بوجھ ہے جس کی وجہ سے ان کی قوت خرید اور برقی آلات کی فروخت میں خمی ہو رہی ہے۔ ڈیلرز کے مطابق نئے مالی سال کے آغاز سے ہی الیکٹرانک کمپنیوں نے مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ ایئر کنڈیشنز کی قیمت میں پانچ سے سات ہزار روپے تک اضافہ ہوا جبکہ ڈیپ فریزر کی قیمت پانچ ہزار روپے بڑھ گئی۔ اس کے علاوہ واشنگ مشین اور دیگر الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتوں میں بھی پانچ سے سات فیصد اضافہ ہو گیا۔