عالمی مالیاتی بحران سے معاشی نمو پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں
کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ امریکا میں مالیاتی بحران کے نتیجے میں پاکستان سمیت بیشتر ایشیائی ممالک کی معاشی نمو پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ صدر مشرف نے پاکستان کی معاشی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اسٹیٹ بینک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مرکزی بینک کی گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر نے صدر پرویز مشرف کو معاشی نمو، گرانی، مانیٹری پالیسی، مالیاتی اور بیرونی کھاتے کے عدم توازن، شرح مبادلہ اور مجموعی معاشی استحکام سے متعلق تمام امور سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ امریکا میں مالیاتی بحران کے نتیجے میں عالمی معیشت سست روی کا شکار ہے۔ جس سے پاکستان سمیت بیشتر ایشیائی اور ایمرجنگ اکانومیز کی معاشی نمو پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ صدر مشرف نے خوراک اور تیل کی قیمتوں کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور اسٹیٹ بینک کی قوت و استحکام، اس کی پالیسی مشاورت اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی میں اس کے مسلسل تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سمیت اسٹیٹ بینک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔