حکمراں اتحاد کو معیشت کی بہتری کیلئے توجہ دینی ہوگی،صنعتکار
کراچی: صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے استعفیٰ کے بعد حکمراں اتحاد کو فوری طور پر معیشت کی بہتری کی جانب توجہ دینی ہوگی۔ مختلف حلقے ملک میں جاری معاشی بحران کا ذمہ دار سابقہ حکومت اور سابق صدر پرویز کی پالیسیوں کو قرار دیتے ہیں۔ اسٹاک ایکس چینجز میں شدید مندی زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی اور تواتر کے ساتھ پاکستانی روپے کی ناقادری دیکھی گئی یہاں تک کے ڈالر ستتر روپے کی سطح عبور کرگیا۔ پندرہ اگست کو تاجر برادری کا مطالبہ سامنے آیا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں صدر مشرف اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں۔
کہاجاتا ہے کہ ملک بھر کے صنعت کاروں اور تاجر برادری کا سابق صدر سے استعفیٰ کا مطالبہ جنرل پرویز مشرف کے دو ر اقتدار کے تابوت کی آخری کیل ثابت ہوا۔ اور اب ان کی حمایتی تاجر برادری بھی صدر کے استعفیٰ کو ملک میں بے یقینی کی صورتحال کے اختتام کا باعث قرار دیتی ہے۔
پاکستانی معیشت پر نگاہ رکھنے والے اداروں نے بھی سابق صدر مشرف کے استعفیٰ کو پاکستانی معیشت کے لئے مثبت قرار دیا ہے۔ ملک میں جاری معاشی ابتری کا ذمہ دار پاکستان کی متنازع حیثیت کو قرار دیا جارہا تھا۔ لیکن یہ قصہ بھی تمام ہوا۔ اب امتحان ہے حکمراں اتحاد کا کہ وہ کون سے ایسے اقدامات کرنا ہے کہ ملک کی معیشت کا پہیہ پھر سے رواں دواں ہوسکے۔