|
حیدرآباد: آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا
حیدرآباد: حیدرآباد اور گردونواح میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، شہر کے مختلف علاقوں میں آٹا بتیس روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔ حیدرآباد اور گردونواح میں جاری آٹے کے بحران کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔
شہر کے مختلف علاقوں پھلیلی‘ پریٹ آباد‘ لیاقت کالونی اور لطیف آباد کے مختلف یونٹوں میں بعض آٹا چکیاں گندم کا کوٹہ نہ ملنے کے باعث بند ہوگئی ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو آٹے کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور آٹا تیس سے بتیس روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔
حیدرآباد آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نواب نے آٹے کے بحران کا ذمہ دار محکمہ خوراک کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ آٹا چکیوں کو مطلوبہ کوٹہ نہ ملنے کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق اگر آٹے کے موجودہ بحران کا فوری نوٹس نہ لیا گیا اور آٹا چکیوں کو مقرر کردہ کوٹہ فراہم نہ کیا گیا تو یہ بحران مزید شدت اختیار کرجائے گا۔ |