|
ٹیوب ویل شمسی توانائی سے چلائے جائیں ،شہباز شریف
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گندم کی بڑھتی ہوئی ضرورت پوری کرنے کیلئے معیاری بیجوں کی فراہمی اور ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی سے چلانے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور میں زرعی شعبے کی بہتری اور کاشتکاروں کو سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں گندم کا بیس ملین ٹن ہدف حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے کسانوں کو سبسڈی کے تحت ٹریکٹر فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو ہدایت کی کہ گندم کی امدادی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد عام آدمی کو اس کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر نظام وضع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال چاول کی ریکارڈ پیداوار متوقع ہے ،اس لیئے چاول کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ |