لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ زراعت پانی و بجلی، آبپاشی اور پاور جنریشن کے شعبوں میں معاہدے کئے جائیں گے۔وہ چھ روزہ دورے پر چین روانہ ہونے سے پہلے لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین نے ہر بحرانی کیفیت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کا معاشی مستقبل بھی اسی سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں معاہدے کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو بیروزگاری اور معاشی بحران سے نکالنے کے لئے چین کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر پنجاب میں ایک انڈسٹریل زون بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب نے بتایا کہ وہ چین کے دورے سے واپسی پر کابینہ میں توسیع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف چینی سفیر کی دعوت پر اگلے سال چین کے دورے پر جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کے اٹھارہ رکنی وفد میں مشیر داخلہ جہانگیر ترین، وزیر خزانہ پنجاب تنویر اشرف کائرہ اور وزیر زراعت احمد علی اولکھ بھی شامل ہیں۔