پنجاب اور سرحد کے سینکڑوں کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل
لاہور: سوئی ناردرن گیس کمپنی نے لوڈ مینجمنٹ کے تحت پنجاب اور سرحد کے سینکڑوں کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل کر دی ہے۔سوئی ناردرن گیس کمپنی نے لوڈ مینجمنٹ کے تحت پنجاب اور سرحد کے سینکڑوں کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل کر دی ہے۔
لاہور میں کمپنی کے ذرائع نے آج نیوز کو بتایا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے سے گیس کی اکیس سو ملین کیوبک فٹ ڈیمانڈ کے مقابلے میں سپلائی اٹھارہ سو تیس ایم ایم سی ایف رہ گئی ہے، جس کی وجہ صنعتوں کو سپلائی معطل کرنا پڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کمپنی اور کارخانوں کے مالکان کے درمیان معاہدے کے تحت صرف نو ماہ کی سپلائی یقینی بنانا ہے اور اب گھریلو اور سی این جی صارفین کو ترجیح دی جائے گی۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے چیئرمین اکبر شیخ نے کہا ہے کہ لاہور ،شیخو پورہ اور فیصل آباد میں ساٹھ سے ستر ٹیکسٹائل یونٹ متاثر ہوئے ہیں اور دیگر سیکٹرز کے کارخانوں کی گیس بھی پیشگی نوٹس کے بغیر منقطع کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس کی اچانک بندش کے باعث پیداواری عمل بری طرح متاثر ہو گا۔