اسلام آباد: زرمبادلہ کی مالت میں مزید دس کروڑ ڈالر کمی، ذخائر کی مالیت چھ ارب تریسٹھ کروڑ ڈالر رہ گئی۔ اسٹیٹ بینک نے مزید دو سو تریسٹھ اشیا کی درآمد پر کیش مارجن کی شرط ختم کر دی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق پندرہ نومبر دو ہزار آٹھ تک زرمبادلہ کی مالیت چھ ارب تریسٹھ کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ جو اس سے گزشتہ ہفتے چھ ارب چوہتر کروڑ ڈالر تھی اس طرح ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں دس کروڑ ڈالر کمی ہوئی اسٹیٹ بینک کے پاس تین ارب پینتالیس کروڑ اور کمرشل بینکوں کے پاس تین ارب سترہ کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ موجود ہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے مزید دو سو تریسٹھ اشیا کی درآمد کے لیٹر آف کریڈٹ کھولنے کے لئے پینتیس فیصد کیش مارجن کی شرط ختم کر دی۔ چند ماہ قبل ملک کے بڑھتے ہوئے درآمدی بل کی حوصلہ شکنی کے لئے بنیادی اشیا کے سوا تمام اشیا کی درآمد پر پینتیس فیصد ایل سی کیش مارجن کی پابندی عائد کی تھی۔ تاہم بعد میں تین سو سولہ اشیا کو کیش مارجن کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا اور اب تک مرکزی بینک پانچ سو اناسی اشیا کو کیش مارجن سے مستثنیٰ قرار دے چکا ہے۔