|
پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھاناچاہتے ہیں، رابرٹ برنکلے
اسلام آباد: پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر رابرٹ برنکلے نے کہا ہے کہ برطانوی کمپنیاں پاکستان کے بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی رکھتی ہیں اور متبادل توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے نئے راستے تلاش کرنے کی منتظر ہیں۔ پانی و بجلی کے وفاقی وزیر راجہ پرویز اشرف سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی سو سے زائد کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں اور برطانیہ پاکستان کے بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔
یہ کمپنیاں مزید سرمایہ کاری کے ذریعہ اپنا کاروبار بڑھانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ متبادل توانائی کے منصوبوں میں بھی مہارت رکھتا ہے اور پاکستان کے متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ کے حکام کو آئندہ سال کے اوائل میں برطانیہ کا دورہ کرنے اور برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں متبادل توانائی کی گنجائش کے متعلق آگاہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ |