زرعی ٹیکس کے نفاذکا پروپیگنڈہ مزموم مقاصد کیلئے کیا جا رہا ہے
لاہور: پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر بابر اعوان نے کہا ہے کہ حکومت زرعی ٹیکس لگا رہی ہے نہ دفاعی بجٹ میں کمی کی جائے گی۔ لاہور میں سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض کی اقامت گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ پاک فوج حکومتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے لیکن حکومت نے معاملات سنبھال لئے ہیں، اس لئے ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت مشرف دور کا تسلسل نہیں، یہ اپنی مدت پوری کرے گی۔ ان کا کہنا تھا حکومت ففٹی ایٹ ٹوبی اور سترھویں آئینی ترمیم سے پیچھا چھڑانا چاہتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت زرعی ٹیکس کے نفاذ اور دفاعی بجٹ میں کمی کا پراپیگنڈہ مزموم مقاصد کیلئے کیا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ قرضے کے لئے ہونے والے معاہدے میں ایسی کوئی شق موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت قومی سلامتی سے متعلق تمام امور پارلیمنٹ میں طے کئے جائیں گے۔ بابر اعوان نے کہا آج دنیا مکالمے کی اہمیت پر زور دے رہی ہے۔ یہ تصور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا تھا جن کی شہادت دراصل ایک سنگین ترین انتخابی دھاندلی بھی تھی۔