ٹریڈ یونین پر پابندی ختم کرنے کا بل جلد پیش کیا جائے ،ربانی
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بین الاصوبائی رابطہ رضا ربانی نے کہا ہے کہ بینکوں میں ٹریڈ یونینز پر پابندی کا قانون ختم کرنے کے لئے بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کیاجائے گا۔ اسلام آباد میں چوہدری منظور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ حکومت نے آئی آر او دو ہزار دو جیسا کالا قانون ختم کر دیا ہے اور آئی آر او دو ہزار آٹھ اپریل دو ہزار دس میں ازخود ختم ہو جائے گا۔ آئندہ قانون بنانے کے لئے وزارت محنت و افرادی قوت نہ سہ فریقی لیبر کانفرنس بلانے کے لئے سمری بھجوا دی ہے۔
دسمبر میں ہونے والی اس کانفرنس میں سرمایہ دار، حکومت اور مزدوروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ رضا ربانی نے بتایا کہ گزشتہ ادوار میں برطرف ہونے والے چھ سے سات ہزار ملازمین کو مرحلہ وار بحال کی جائے گا۔ انیس سو اٹھانوے تک کے ملازمین کی بحالی کا کام آخری مراحل میں ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ نئی لیبر پالیسی پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ٹریڈ یونینز کی بحالی کے بعد اسٹیل ملز سمیت چودہ اداروں میں ریفرنڈم ہو چکے ہیں جبکہ پی آئی اے میں مرکزی ریفرنڈم چار دسمبر کو ہو گا۔