جاوید خانانی اور مناف کالیا کا چھبیس نومبر تک جسمانی ریمانڈ
کراچی : جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی جنوبی نے کرنسی اسکینڈل کے دو ملزمان جاوید خانانی اور مناف کالیا کو چھبیس نومبر تک ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ڈسٹرکٹ جج کراچی جنوبی فہیم احمد صدیقی نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سرکار کو چھبیس نومبر کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ ریمانڈ کے لئے ملزمان کو سخت حفاظتی انتظامات میں سٹی کورٹ لایا گیا۔ اس موقعے پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کرائم سرکل نے فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ، الیکٹرانک، ٹرانزیکشن ایکٹ دو ہزار سات، پروینشن آف الیکٹرانک کرائم آرڈیننس دو ہزار سات کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعات چار سو بیس، چار سو اڑسٹھ، چار سو اکہتر اور چار سو ستتر اے کے تحت پندرہ نومبر کو مقدمہ درج کیا تھا۔ رضا ہاشمی ایڈووکیٹ نے مناف کالیا اور جاوید خانانی کی ضمانت پر رہائی کے لئے درخواست دائر کردی ہے۔ ان کا موقف ہے کہ اکنامک ریفارمز ایکٹ انیس سو بانوے کے تحت کرنسی کے معاملات میں فوجداری قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا۔