|
آئی ایم ایف سے 4ارب ڈالر اضافی فنڈکی درخواست
اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے چار ارب ڈالر کی اضافی امداد کی باقائدہ درخواست کردی ہے۔اسلام آباد میں "پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجکاری" کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اضافی امداد کی درخواست سے بجٹ خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔شوکت ترین نے کہا کہ حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ آج سے شروع ہونے والے مذاکرات میں بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کے شیڈول کو چھ ماہ تک ملتوی کرنے کی درخواست بھی کرے گی۔
سیمینار کے بعد میڈیا سے بات چیت میں شوکت ترین نے کہا کہ تیل کی مقامی قیمتوں کو بین الاقوامی قیمتوں سے منسلک کر دیا گیا ہے اور آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل بین اقوامی قیمتوں کے حساب سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اوسطا دس فیصد کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پندرہ اگست تک توانائی کا سرکلر قرضہ ختم کرنا ہے تاہم اسکے بعد بھی پیپکو کی مالی حالت بہتر نہیں ہو سکے گی اور اسکو ہر ماہ حکومتی خزانے سے رقم فراہم کی جائیگی۔ |