ممبئی: فلم ’لواسٹوری 2050‘ جمعے کے روزدنیا کے مختلف ممالک میں ایک ساتھ ریلیز ہوئی ۔عمومی جائزے کے مطابق بین الاقوامی طور پر ایک سو چھیتر سینماؤں جن میں شمالی امریکا کے چھیاسٹھ ،برطانیہ کے اڑتیس،گلف کے پچیس ،آسٹریلیا کے گیارہ اور پاکستان کے دس شامل ہیں میں ہر روز تقریباً سات سو سے زائد شو ہورہے ہیں۔اس پسندیدگی اور مقبولیت کی وجہ سے فلم کا مقابلہ بالی ووڈ کی کامیاب فلموں سے کیا جارہا ہے۔
فلم کی شاندار کامیابی کے حوالے سے ہدایت کار ہیری بویجہ نے کہا کہ یہ بات میرے اور فلم پوری ٹیم کے لئے بہت خوشی کا باعث ہے جنہوں نے پچھلے دو سالوں میں فلم کی تیاری پر شدید محنت کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ فلم کے لئے ہم ریلائنس اے ڈی اے گروپ کے پارٹنر ہیں، جنہوں نے نہ صرف فلم کی تیاری میں ہماری مدد کی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اس کو مقبول بنانے میں ہمارے ہم قدم رہے۔فلم ’لو اسٹوری 2050‘دو نسلوں کی ایک جذباتی محبت کی کہانی ہے جو ہندوستان کی پہلی سائنس فکشن فلم ہے۔ تیاری اور پیشکش کے اعتبار سے مہنگی ترین فلم گردانی جا رہی ہے۔