واشنگٹن: ڈریم ورکس کی بڑے بجٹ کی فلم ٹروپک تھنڈر اس ہفتے باکس آفس پر سب سے آگے ہے ۔ٹروپک تھنڈر نے آتے ہی ڈارک نائٹ کو ہلا دیا اور تقریباً ایک مہینے تک تھیٹر میں رہنے والی اس فلم کو ایک ہی جھٹکے میں نمبر ون کی پوزیشن سے ہٹادیا۔
اسٹوڈیو ذرائع کے مطابق اداکار بین اسٹلرز ،روبرٹ ڈاؤنی جے آر اور جیک بلیک پر مشتمل اس فلم نے ایک ہفتے میں ہی تقریباً چھبیس ملین ڈالر حاصل کرلیے ہیں اور اس ہفتے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہے۔
حالیہ بیٹ مین فلم اس ہفتے ساڑھے سولہ ملین ڈالر کا بزنس کرتے ہوئے اپنی پہلی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکی اور دوسرے نمبر پر آگئی ۔لیکن بیٹ مین ٹو:ڈارک نائٹ‘ نے مجموعی طور پر اب تک کی تمام کمرشل فلموں کے ریکارڈ توڑتے ہوئے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی دوسری فلم کا اعزاز پہلے ہی حاصل کرلیا ہے۔
این اینیمٹڈ جارج لوکس کی پیشکش ’اسٹار وارز:دی کلون وارز‘ ساڑھے پندرہ ملین ڈالر کا بزنس کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر ہے۔ ٹوانٹیتھ سینچری فوکس کی ڈراؤنی فلم ’مررز‘ اس ہفتے ساڑھے گیارہ ملین ڈالرز کا بزنس کرتے ہوئے چوتھے نمبر پر جبکہ دس ملین ڈالر ز کا بزنس کرتے ہوئے ’پائن ایپل ایکسپریس ‘پانچویں نمبر پر رہی۔
ساڑھے آٹھ ملین ڈالر کے ساتھ چھٹے نمبر پر ’دی ممی :ٹومب آف دا ڈریگن ایمپرر،ساڑھے چھ ملین ڈالر کا بزنس کرتے ہوئے ’ماما میا‘ ساتویں نمبر پر،ساڑھے پانچ ملین ڈالر کے ساتھ ’دی سسٹر ہڈ آف دی ٹریولنگ پینٹس ٹو‘آٹھویں نمبر پر رہی جبکہ پانچ ملین ڈالر کے ساتھ ’اسٹیپ بردرز نویں اور ساڑھے تین ملین ڈالر کا بزنس کرتے ہوئے ’وکی کرسٹینا بارسیلونا‘دسویں پوزیشن پر ہے۔