آسٹریلیا میں نایاب نسل کے سماٹرن ٹائیگرز کی پیدائش
پرتھ: آسٹریلیا میں نایاب نسل کے سماٹرن ٹائیگرز کی پیدائش ہوئی ان ٹائیگرز کی نسل بچانے کی کوششیں بین الاقوامی سطح پر ہو رہی ہیں۔ آسٹریلیا کے شہر برتھ کے چڑیا گھر میں نایاب نسل کے جوڑے آٹھ سالہ سیتہ اور بارہ سالہ ہیری کے ہاں بیک وقت تین بچوں کی ولادت ہوئی۔ نومولودوں میں دو نر اور ایک مادہ ہے۔ سماٹرن ٹائیگرز کی یہ نسل معدوم ہو رہی ہے اس نسل کو محفوظ کرنے کے لئے دنیا بھر میں مختلف تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔ پرتھ کے چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچے ابھی بہت چھوٹے ہیں اور صرف ماں کے دودھ پر انحصار کر رہے ہیں۔
چڑیا گھر کے منتظمین کے مطابق بچوں کو گوشت کھانے اور عام لوگوں سے مانوس ہونے میں مزید کچھ وقت لگے گا۔ نایاب نسل کے یہ نومولود اس لئے بھی اہمیت کے حامل ہیں کہ ان کے ذریعے سماٹرن ٹائیگرز کی نسل بڑھانے کے لئے آسٹریلیا کے مختلف علاقوں میں منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔ جلد ہی ہیری کو اس کے آبائی شہر کیرنس بھیج دیا جائے گا۔