لندن: بحرین کے شہزادے شیخ عبداللہ بن حماد نے لندن کی عدالت میں معروف پاپ گلوکار مائیکل جیکسن پر عہد شکنی کا مقدمہ دائر کردیا اور ستر لاکھ ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شیخ عبداللہ کے وکیل بینکم تھانکی نے عدالت کو بتایا کہ معروف گلوکار مائیکل جیکسن اور ان کے موٴکل کے درمیان نئی میوزک البم کی ریکارڈنگ اور خود نوشت لکھنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ شیخ عبداللہ مائیکل جیکسن کو سن دو ہزار پانچ سے اب تک کئی اقساط میں بشمول پینتیس ہزار ڈالر یوٹیلٹی بل رقم ادا کرچکے ہیں۔ اپریل دو ہزار پانچ میں مائیکل جیکسن نے معاون کے ذریعے دس لاکھ ڈالر کی رقم بھی طلب کی تھی۔ دو ہزار پانچ میں مائیکل جیکسن ایک مقدمے کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہوگئے تھے اور بحرین کے شاہی خاندان نے ان کی مالی مدد کی تھی اور مقدمے کی کارروائی کے دوران شاہی مہمان بھی رہے۔ شیخ عبداللہ نے مائیکل جیکسن سے ستر لاکھ ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔