نیو یارک: بالی وڈ کی معروف اداکارہ اور سابق ملکہ حسن ایشوریہ رائے نے کہا ہے کہ انہیں ہالی وڈ اسٹار اسٹیو مارٹن کے ساتھ فلم دی پنک پینتھر میں کام کے دوران بہت مزہ آیا۔ایشوریا رائے فلم پنک پینتھر ٹو میں سراغرساں کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم تیرہ فروری دو ہزار نو کو ریلیز ہو گی، اپنے کردار کے بارے میں ایشوریا رائے کا کہنا ہے کہ یہ ایک مزاحیہ فلم ہے اور اس میں شمولیت ان کے لئے باعث فخرہے۔
بالی وڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی چونکہ اسٹیو مارٹن کے گرد گھومتی ہے اس لئے ان کا کردار سب سے جان دار ہے۔ فلم دی پینک پینتھر ٹو کی کہانی اناڑی پولیس آفیسر جیک کلوسیو کے گرد گھومتی ہے جو اپنی حرکات سے سب کو محظوظ کرتا ہے۔ فلم دی پنک پینتھر ٹو انیس سو چونسٹھ میں شائع ہونے والے ناول پر بنائی گئی ہے۔ اس سے پہلے بننے والی فلم دی پنک پینتھر دو ہزار چھ میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے باکس آفس پر آٹھ کروڑ بائیس لاکھ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔