لاہور: ورلڈ پرفارمنگ آرٹس فیسٹول کی صوفی مسٹک میوزک نائٹ میں عابدہ پروین کے گائے ہوئے صوفیانہ کلام نے ہجوم پر وجد طاری کر دیا ۔ الحمرا کلچرل کمپلیکس کا وسیع اوپن ائیر تھیٹر ڈھائی گھنٹے تک ملک کی ہر دلعزیز گلوکارہ عابدہ پروین کی صوفیانہ دھنوں اور تانوں سے گونجتا رہا ، روحانی موسیقی اور وجدآفریں کلام نے تھیٹر میں موجود ہزاروں افراد کو جھومنے اور ناچنے پر مجبور کر دیا۔
عابدہ پروین نے صوفی نائٹ میں شہباز قلندر ، بلھے شاہ ، باہو ، بابا فرید،امیر خسرو اور دوسرے صوفی بزرگوں کا سحر انگیز کلام گایا ، وسط نومبر کی ایک خوشگوار سرد رات میں عابدہ پروین کی آواز ، کلام اور انداز کے جادو نے لوگوں کو بے سدھ کئے رکھا۔ صوفی مسٹک میوزک نائٹ اس فیسٹول کا سب سے پر رونق ایونٹ تھا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔