لاہور: لاہور میں جاری ورلڈ پرفارمنگ آرٹس فیسٹیول میں حیدرآباد دکن کے ڈرامہ گروپ نے میوزیکل کھیل رات پھولوں کی پیش کیا۔مخدوم محی الدین بھارت کے معروف انقلابی شاعر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بیک وقت مزاحمتی اور رومانی شاعری کر کے بڑا نام بنایا۔ حیدرآباد دکن کے ڈرامہ گروپ قادر علی بیگ کا پیش کیا ہوا کھیل رات پھولوں کی ان کی شاعری پر مبنی کھیل ہے جس میں روایتی اسکرپٹ اور مکالموں کا سہارا لینے کی بجائے شاعری، انڈین کلاسیکل رقص اور میوزک کے ذریعے جذبات اور محسوسات کا اظہار کیا گیا ہے۔
کھیل میں مخدوم محی الدین کا کردار حیدرآباد دکن کے صداکار اور اداکار عارف ذکریہ نے ادا کیا ہے جبکہ شاعری پر رقص الکھیا پْنجلا اور دیگر تین رقاصاؤں نے کیا، اس ملٹی میڈیا شو میں مخدوم محی الدین کی انقلاب اور رومان پر لکھی ہوئی شاعری کو جس خوبصورتی سے رقص کے معنی پہنائے گئے وہ قابل داد تھے۔دہلی سے آئے ہوئے کار پپٹ تھیٹر کے فنکار منیش نے اپنا ون میں پرفارمینس کھیل کہانی رنگ کرنی کی پیش کیا جو مشکلات سے نبردآزما فنکار کی کہانی پر مبنی تھا۔