مقبوضہ کشمیر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندو انتہا پسندوں نے احتجاج شدید کرنے کی دھمکی دے دی ۔ کشمیری مسلمان آج سری نگر میں اقوا م متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندو انتہا پسندوں نے مندر کی زمین کے تنازعے پر احتجاج شدید کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ہندو تنظیم کا کہنا ہے کہ بھارت کی مرکزی حکومت نے دوہرا معیار اختیار کیا ہوا ہے۔احتجاج کے لئے بھارت کے ہر بچے کو تیا ر کیا جائے گا۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج سرینگر میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ مظاہرین کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق ایک یادداشت اقوام متحدہ میں پیش کریں گے۔ حریت کانفرنس نے وادی میں مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ کے خلاف جاری ہڑتال میں تین روز کی نرمی کا اعلان بھی کیا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں موجودہ صورتحال جاری رہی تو وہ پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں گے۔ا نہوں نے کشمیر سے تعلق رکھنے والے دیگر ارکان سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔