کابل: خوست میں امریکی فوجی اڈے کے باہر خودکش کار بم حملے میں نو افغان شہری ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے۔مشرقی افغانستان میں قائم امریکی فوجی اڈے کے باہر ایک شخص نے بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں نو افغان شہری ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے ۔ اس سے پہلے جنوبی افغانستان میں نیٹو فوج کے حملے میں چار شہری ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ۔
طالبان نے کابل قندھار شاہراہ پر افغان فوج کے قافلہ پر حملہ کردیا ۔ اس دوران فوج اور طالبان میں جھڑپوں کے نتیجے میں اٹھائیس طالبان اور پانچ فوجی ہلاک ہوئے ۔ زابل میں افغان فوج کی کارروائی میں مزید سات طالبان مارے گئے ۔
صوبہ ہلمند کے ضلع شاہ ولی کو ٹ میں پولیس کی گاڑی بم سے اڑادی گئی جس سے دس پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ صوبہ غزنی میں افغان فوج کی کارروائی میں ایک افغان پولیس اہلکارسمیت بارہ طالبان ہلا ک ہوگئے ۔ دارلحکومت کابل میں یوم آزادی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سات ہزار اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں ۔