|
امریکی فوج کے عراق میں دو ہزار گیارہ تک قیام پر اتفاق
بغداد: عراق کے صدر جلال طالبانی نے کہاہے کہ امریکی فوج کے عراق میں دوہزار گیارہ تک قیام پر اتفاق ہوگیا ہے۔مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں عراقی صدر نے کہاکہ امریکا نے عراق میں دوہزار پندرہ تک اپنی فوج رکھنے کی اجازت طلب کی تھی جبکہ عراق نے دوہزار دس کی تجویز دی ہے۔لیکن مذاکرات کے دوران دوہزار گیارہ تک امریکی فوج کی موجودگی پر اتفاق ہوگیا ،ان کا کہنا تھا کہ عراق کوامریکی فوج کے عراق میں قیام کی مدت بڑھانے کا اختیار ہے۔
ادھر عراق میں تشدد کے واقعات میں امریکی فوجی سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے،شمال مغربی بغداد میں امریکی فوجی گاڑی بم دھماکے سے تباہ ہوگئی ،جس سے ایک امریکی فوجی ہلاک ہوگیا۔صوبہ دیالہ میں امریکی فوج کے آپریشن میں تین مبینہ مزاحمت کار ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔بغداد میں کار بم دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ،تشدد کے دیگرواقعات میں چار افراد ہلاک ہوئے۔ |