|
روس نے جارجیا پر حملہ کر کےبین الاقوامی قانون توڑا ہے،فرانس
پیرس: فرانس کا کہنا ہے کہ روس نے جارجیا پر حملہ کرکے بین الاقوامی قانون توڑا ہے ۔ادھر ابخازیہ میں روسی بحریہ کا استقبال کیا جارہا ہے۔فرانس کے وزیر خارجہ برنارڈ کوشنر نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہاکہ یورپ میں بین الاقوامی قوانین یا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے کہاکہ جارجیا کے خلاف روس کی فوجی کارروائی پڑوسی ملک کے خلاف جارحیت کی مثال ہے۔
دوسری جانب روسی بحری جنگی جہاز جارجیا سے علیحدہ ہونے والی ریاست ابخازیہ کے دارالحکومت سخومی پہنچ گئے جہاں عوام نے روسی جہازوں اور ان کے عملے کا خیر مقدم کیا ۔یہ جہاز ابخازیہ کے صدر کی دعوت پر یہاں پہنچے ہیں۔ادھر ابخازیہ اور جنوبی اوسیشیا کے عوام آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔دونوں ریاستوں میں جنگ کی تباہ کاری کے باوجود آزادی کی خوشیاں منائی جارہی ہیں۔ |