بھارت: ہندؤں اور عیسائیوں میں جھڑپیں،10 افراد ہلاک
دہلی: بھارت میں ہندوؤں اور عیسائیوں میں جھڑپوں میں دس افراد ہلاک ہو گئے۔ اٹلی نے عیسائیوں کے خلاف ہندو انتہا پسندوں کی کارروائی روکنے کا مطالبہ کر دیا۔ بھارتی ریاست اڑیسہ میں ہندوؤں نے گرجا گھروں، عیسائیوں کی رہائش گاہوں اور املاک کو نذر آتش کر دیا۔ جھڑپوں میں دس افراد ہلاک اور پندرہ سو سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ بھارت میں کیتھولک بشپ کانفرنس کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں تیرہ عیسائی ہلاک ہوئے۔ کیتھولک بشپ کانفرنس نے کہا کہ بروز جمعہ کیتھولک اسکول بند رکھے جائیں اور پر امن ریلیاں نکالی جائیں۔
پولیس نے ہنگامہ آرائی میں ملوث ایک سو سڑسٹھ افراد گرفتار کر لئے۔ ریاست اڑیسہ کے متاثرہ علاقے کندھامل میں دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اٹلی نے عیسائیوں کے خلاف پر تشدد واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کے سفیر کو طلب کرتے ہوئے ہندو انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔