سری نگر: جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری سری نگر ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی گئی۔ یاسین ملک کی گرفتاری کو جے کے ایل ایف کی ڈیفنس کونسل کے سربراہ ظفر احمد شاہ ایڈووکیٹ، امتیاز صوفی اور یوگیش بخشی کی طرف سے چیلنج کیا گیا ہے۔ سری نگر ہائیکورٹ نے رٹ پٹیشن کی سماعت کیلئے انیس نومبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے یاسین ملک کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاسین ملک سری نگر سے بائیس اکتوبر اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات کی بائیکاٹ مہم کے لئے اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہو رہے تھے۔ انہیں آٹھ دن بانڈی پورہ اور دیگر تھانوں میں رکھنے کے بعد یکم نومبر کو دو سال کے لئے جموں ڈسٹرکٹ جیل بھیج دیا گیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں پہلے پیر سے مرحلے کے انتخابات شروع ہو رہے ہیں تاہم کشمیری حریت پسند جماعتوں نے ان انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔