سعودی عرب: آئی ایم ایف کو فنڈز کی فراہمی کا کوئی ارادہ نہیں
ریاض: عالمی مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لئے سعودی عرب کا آئی ایم ایف کو فنڈز کی فراہمی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ سعودی عرب کے وزیر خزانہ ابراہیم الاصاف نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ عالمی سطح پر جاری مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لئے سعودی عرب، آئی ایم ایف یا کسی دوسرے انسٹی ٹیوشن کو فنڈز کی فراہمی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن نے اپنے دورے کے دوران خلیجی ممالک اور چائنہ کو ذرمبادلہ کے بڑے ذخائر کی موجودگی کے باعث حالیہ مالیاتی بحران کے حل میں بڑے پیمانے پر حصہ لینے پر زور دیا تھا۔ تاہم یہ ان کا اپنا خیال ہے ہمارا نہیں۔
سعودی عرب اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ لیکن زرمبادلہ کے بڑے ذاکرء ہونے کی وجہ سے کسی انسٹی ٹیوشن کو فنانس نہیں کرے گا ان کا کہنا تھا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ملکی ترقی کے لئے ہیں۔ سعودی عرب آئندہ پانچ سالوں میں تیل اور حکومتی شعبوں کی ترقی اور توسیع کے لئے چار سو ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا۔ آئل سیکٹر میں توسیع سے آئل مارکیٹ میں استحکام آئے گا۔ جو فنانشل مارکیٹس اور گلوبل اکانومی میں بہتری کی صورت میں نظر آئے گا۔