غزہ: غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں چار فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی فوج کو غزہ سے حماس کا قبضہ ختم کرانے کا منصوبہ تیار کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے۔ اسرائیلی طیاروں نے آج صبح غزہ میں میزائل فائر کئے جس کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید ہو گئے۔ پاپولر فرنٹ نے شہید ہونے والوں کو اپنے کارکن قار دیا ہے۔ اس سے پہلے فلسطینی مجاہدین نے اسرائیلی علاقوں پر دو راکٹ داغے لیکن اس سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ کا کہنا ہے کہ حماس سے جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے فوجی حکام کو حکم دیا کہ وہ غزہ سے حماس کا قبضہ ختم کرانے کے لئے منصوبہ تیار کریں۔ کابینہ کے اجلاس سے خاطب کرتے ہوئے ایہود اولمرٹ نے کہا کہ سکون کے خاتمے اور طویل عرصے سے جاری تشدد کو دوبارہ شروع کرنے کی ذمہ دار حماس ہے۔ جنگ بندی کے خاتمے کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔