صومالیہ: قزاقوں کے حملے،یورپی جہاز رانی کی صنعت تباہ
ایتھنز: صومالی بحری قزاقوں کے حملوں کی شدت میں اضافے سے یورپ کی جہاز رانی کی صنعت تباہ ہوکر رہ گئی۔ عالمی مالیاتی بحران کے باعث شپنگ انڈسٹری پہلے سے ہی بحران کا شکار ہے۔ صومالیہ کے بحری قزاقوں کے حملوں نے یونان کی سمندر ی صنعت سے وابستہ افراد کی کمر توڑ دی ہے۔ سعودی آئل ٹینکر کے اغوا کے حالیہ واقعے نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔ جس میں ایک سو ملین ڈالر مالیت کا کروڈ آئل لدا ہوا ہے۔ انشورنس کمپنیاں قزاقوں کے حملے کی صورت میں مالی تحفظ فراہم نہیں کرتیں۔
نارویجن شپنگ گروپ نے صومالی قزاقوں سے بچاؤ کے لئے اپنے نوے سے زائد جہازوں کو دوسرے روٹ سے جانے کا حکم دیا ہے۔ اگر یہی طریقہ کار یونانی جہاز ران اختیار کریں تو اس پر اٹھنے والے اضافی اخراجات ان کے لئے ایک الگ دھچکا ہوں گے۔ کچھ عرصے قبل تک جہاز رانی ایک منافع بخش صنعت تھی۔
یونان کے ایس چارٹرنگ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ساویریکاس کا کہنا تھا کہ کچھ جہاز جو چند ماہ پہلے یومیہ ایک لاکھ ڈالرز کما رہے تھے اب دس ہزار ڈالر بھی کمانے سے قاصر ہیں۔ یونان کی مجموعی قومی پیداوار میں جہاز رانی کی صنعت کا حصہ سات اعشاریہ چھ فیصد ہے اور گزشتہ سال فارن ایکسچینج کی مد میں صنعت سے اکیس اعشاریہ سات بلین ڈالر حاصل ہوئے تھے۔