|
مقبوضہ کشمیر:نام نہاد انتخاب کیخلاف آج ہڑتال ہورہی ہے
سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے خلاف آج وادی میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ بھارتی فوج نے دو مسلمان شہید کر دیئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر نام نہاد الیکشن کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سات لاکھ قابض بھارتی فوج کی موجودگی میں انتخابات جمہوری اقدار کا مذاق ہیں۔ جموں و کشمیر رابطہ کمیٹی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ احتجاج اور ہڑتال کا مقصد قابض بھارتی حکومت اور دنیا کو باور کرانا ہے کہ کٹھ پتلی انتخابات مسئلے کا حل نہیں ہیں۔
ادھر ہندواڑہ کے علاقے ولگام میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے دو مسلمان شہید کر دیئے۔ بچوں کے عالمی دن کے موقعے پر کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں اب تک چھ سو ترپن مسلمان بچے شہید کر دیئے ہیں۔ |