|
نیٹو اجلاس،افغان فوجیوں کی تعداد1 لاکھ34 ہزار کی جائیگی
ٹورنٹو: نیٹو کا اجلاس آج کینیڈا میں ہورہا ہے ۔دو ہزار گیارہ تک افغان فوجیوں کی تعداد بڑھاکر ایک لاکھ چونتیس ہزار کردی جائے گی۔ کینیڈا کے شہر کو رنوالیس میں ہونے والے نیٹو اجلاس میں افغان سیکورٹی فورسز کی تربیت اور منشیات کے اسمگلروں سے نمٹنے کے منصوبے پر بات چیت کی جائے گی۔ امریکی محکمہ دفاع کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق اجلاس کا ایجنڈا افغان فورسز کی تربیت پر غور اور منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے حکمت عملی وضع کرنا ہے۔
اس تربیتی منصوبے پر سترہ ارب ڈالر خرچ ہونگے اور سن دو ہزار گیارہ تک افغان آرمی میں فوجیوں کی تعداد اڑسٹھ ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ چونتیس ہزار کی جائیگی۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کینیڈا پہنچ گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے یورپی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت میں افغانستان سے ہیروئن اور منشیات کی دیگر اقسام کی اسمگلنگ کی روک تھام پر تبادلہ خیال کریں گے۔ |