لیما: امریکی صدر بش اور چینی صدر ہوجن تاؤ نے عالمی اقتصادی بحران اور شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام کے جلد خاتمے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان ڈائنا پیرینو نے ایک بیان میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ چین شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام پر چھ ملکی مذاکرات دسمبر کے اوائل میں بلائے گا۔ صدر بش کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے رکن ڈینس وائلڈر نے کہا کہ صدر بش کا بنیادی مقصد مذاکرات کی میز پر واپس لوٹنا ہے۔
دوسری جانب چین نے کہا ہے کہ اس کی مضبوط معاشی افزائش نمو عالمی اقتصادی بحران کو دور کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ اس بات کا اظہار چینی صدر ہوجن تاؤ نے لیما میں ایشیا پسیفک اکنامک اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسفک معیشتوں کی مضبوط اور ہموار افزائش کو تشویشناک عالمی معاشی صورت حال سے خطرہ ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ چین کی تیز رفتار معاشی ترقی عالمی معاشی نظام کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔