|
افغانستان:طالبان کے گرد گھیرا تنگ
ہلمند: امریکی فوج نے ہلمند میں طالبان کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے گرم سر اور ناوا کا کنٹرول بھی سنبھال لیا۔ ہلمند میں چار ہزار امریکی اور چھ سو افغان فوجی طالبان کے خلاف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ فوج کو لڑاکا طیاروں، چنوک ہیلی کاپٹر کی مدد حاصل ہے۔ افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہلمند میں پیش رفت جاری ہے۔ اتحادی فوج قبائلی رہنماوٴں کو آپریشن پر قائل کررہی ہیں۔ تاہم قبائلی رہنماوٴں کے تحفظات برقرار ہیں۔ امریکی فوج نے ایک فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
پکتیکا میں امریکی اتحادی افواج کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور تیزی سے آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب آپریشن کے باعث پکتیکا سے ملحقہ جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد بند کرکے غیر اعلانیہ کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع نے سرحد بند کرنے کی تصدیق کی ہے تاہم بتایا کہ افغانستان کی صورتحال کے باعث کچھ وقت کیلئے سرحد بند کی جاتی ہے۔ |