بلوچستان اسمبلی :بھوتانی اسپیکر،مطیع اللہ ڈپٹی منتخب
کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا ۔اسلم بھوتانی بلامقابلہ اسپیکراورمطیع اللہ آغاڈپٹی اسپیکرمنتخب ہوگئے ۔اسپیکرجمال شاہ کاکڑ نے بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان سے حلف لیا ۔جمعیت علمائے اسلام کے اراکین نے مقامی زبان میں حلف اٹھانے کی اجازت دینے پراحتجاجا ایوان سے واک آؤ ٹ کیا ۔اجلاس میں بے نظیر بھٹو اوراکبربگٹی کے قتل کی تحقیقات کرانے ،بلوچستان میں فوجی آپریشن بندکرنے ،اخترمینگل کی رہائی اورتوہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف قراردادیں منظورکی گئیں ۔
ایوان نے اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکاانتخاب بھی کیا ۔ہم خیال گروپ کے اسلم بھوتانی بلامقابلہ اسپیکراورمطیع اللہ آغاڈپٹی اسپیکرمنتخب ہوگئے ۔اس سے پہلے اسپیکراور ڈپٹی اسپیکرکے انتخاب کیلئے شام پانچ بجے کاوقت مقررکیا گیا تھا ۔مقررہ وقت تک اسپیکرکے لئے پیپلز پارٹی کے شفیق احمد خان اورہم خیال گروپ کے اسلم بھوتانی جبکہ ڈپٹی اسپیکرکے لئے جمعیت علمائے اسلام کے سید مطیع اللہ آغا نے کاغذات جمع کرائے ۔مقررہ وقت ختم ہونے سے قبل پیپلز پارٹی کے شفیق احمد خان نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ، جس کے بعد سیکریٹری اسمبلی محمد خان مینگل نے محمد اسلم بھوتانی کے بلامقابلہ اسپیکراورسید مطیع اللہ آغا کے ڈپٹی اسپیکرمنتخب ہونے کا اعلان کیا ۔نومنتخب اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکل حلف اٹھائیں گے ۔