لاہور: گورنر ہاوٴس لاہور میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے وکلاء کی ملاقات کے دوران صدر پرویز مشرف کی تصویر اتار دی گئی۔پیپلز لائرز فورم پنجاب اور لاہور کے وکلاء نے گورنر ہاوٴس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی، وفد کی سربراہی پی ایل ایف کے رہنما میاں حنیف طاہر اور میاں جہانگیر کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران پی ایل ایف کے عہدیداروں کے مطالبے پر دربار ہال میں سات سال پہلے لگائی گئی صدر پرویز مشرف کی تصویر ہٹا دی گئی۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یا پیپلز پارٹی کی حکومت کو کسی جج یا عدالت سے کوئی خطرہ نہیں، ان کی حکومت آئین اور قانون کے مطابق دو نومبر والی عدلیہ بحال کرے گی۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینے کے فیصلے کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز لائرز فورم میں قابل اور لائق افراد موجود ہیں، جنہیں جج بنایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سلمان تاثیر، ڈاکٹر بابر اعوان اور جہانگر بدر بھی موجود تھے۔