|
قبا ئلی علاقوں میں فوج کے استعما ل کا فیصلہ آرمی چیف کا ہو گا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے قبائلی علاقوں میں فوج استعمال کرنے کا اختیار آرمی چیف کو دے دیا یہ فیصلہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی سرزمین کسی ملک بالخصوص افغانستان کے خلاف استعمال کرنے دی جائے گی نہ ہی کسی غیر ملکی فوج کو پاکستان میں کارروائی کی اجازت دی جائے گی۔ فرنٹیئر کور اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوجی کارروائی کی صورت میں آرمی چیف کی کمانڈ میں ہوں گے۔
فوجی کارروائی کے حوالے سے فوج کی تعداد اور پوزیشن کا حتمی فیصلہ بھی آرمی چیف کا ہو گا۔ قبائلی علاقوں میں تمام سرگرمیوں کے لئے گورنر سرحد چیف رابطہ کار ہونگے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قبائلی علاقوں سے غیر ملکی عسکریت پسندوں کو نکالنا اور سرحد پار دہشت گردی کی روک تھام کے ذمہ دار قبائل ہونگے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قبائل کی طرف سے فوج یا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کیا گیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ |