خیبر ایجنسی: خیبر ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لشکر اسلام اور آفریدی قبائل نے حکومتی شرائط قبول کر لیں جبکہ منگل باغ نے حکومتی دعوے کی تردید کی ہے۔ خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ طارق حیات نے کہا ہے کہ لشکر اسلام اور آفریدی قبائل نے حکومت کی تمام شرائط قبول کر لی ہیں۔ پینتیس رکنی مذاکراتی جرگہ کل تیراہ روانہ ہو گا جس کے بعد حتمی فیصلے عمل میں لائے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے آفریدی قبائل اور لشکر اسلام کے لئے دی گئی شرائط میں کہا گیا کہ حکومت کی عملداری تسلیم کی جائے۔
لشکر اسلام اپنے مراکز ختم کرے، مقامی قبائلیوں اور تنظیم کی کوئی گشتی پارٹی نہیں ہو گی۔ تاہم لشکر اسلام کے سربراہ منگل باغ نے پولیٹیکل ایجنٹ کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ ان کے علم میں نہیں۔ منگل باغ کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوئی شرائط قبول نہیں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی جرگے کے ذریعے مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ منگل باغ نے کہا کہ حکومتی عملداری کبھی چیلنج نہیں کی۔