اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پرویز مشرف کو محفوظ راستہ دینے کے حق میں نہیں ہے۔ لاہور سے اسلام آباد آمد کے موقع پر آج نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دو نومبر سے پہلے والی عدلیہ فوری بحال ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت پرویز مشرف کو محفوظ راستہ دینے کے حق میں نہیں اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن کا موقف واضح ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نئے صدر کا انتخاب تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
آج نیوزسے بات چیت کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پرویز مشرف کا ٹرائل ایسے ججوں سے ہونا چاہئے جو ان کے اپنے بٹھائے ہوئے ہوں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جج چوبیس گھنٹوں میں بحال ہو جائیں گے۔ اعتزاز احسن نے شہباز شریف کے اس موقف کی تائید کی کہ پرویز مشرف کو محفوظ راستہ نہ دیا جائے۔ اس سے پہلے لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے آمریت کے خاتمے کے بعد اب سیاستدانوں کو جمہوریت کی بحالی کے لئے تیزی سے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام، بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ جیسے مسائل کا حکومتی اتحاد نے مل کر حل کرنا ہے۔