|
ججوں کی بحالی کامعاملہ فوری حل ہوجانا چاہیے ،نواز
اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ججوں کی بحالی کا معاملہ آج یا کل حل ہو جانا چاہیے۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا کہ ان کی جماعت ججوں کی بحالی کا وعدہ ہر صورت میں پورا کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ججوں کی بحالی کا معاملہ پرویز مشرف کی رخصتی جتنا ہی اہم ہے اس کو آج یا کل حل ہو جانا چاہیے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ افتخار محمد چوہدری اور عبدالحمید ڈوگر کے مستعفی ہونے کے بارے میں نہیں جانتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک کی بہتری موجودہ حکمران اتحاد میں ہے تو اس اتحاد کو مزید مستحکم اور مضبوط ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا پرویز مشرف کے ساتھ کوئی ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ ان کے لئے پاکستان اہمیت رکھتاہے۔ |