|
سرحد اسمبلی :امن کیلئے ترمیمی آرڈیننس پیش کردیئے گئے
پشاور: صوبہ سرحد میں قیام امن کے لئے ترمیمی آرڈیننس اسمبلی میں پیش کر دیئے گئے۔ سرحد اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر خوشدل خان کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں قیام امن کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ صوبائی وزیر قانون ارشد عبداللہ نے مینٹیننس آف پبلک ترمیمی آرڈیننس دو ہزار آٹھ اور کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی آرڈیننس دو ہزار آٹھ منظوری کے لئے پیش کئے جس کے تحت امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اختیارات ضلعی رابطہ افسران کو سونپے جائیں گے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ امجد آفریدی نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی پشاور آرڈیننس دو ہزار آٹھ کو بھی اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش کیا۔ امن و امان کے حوالے سے ہونے والی بحث میں ارکان سرحد اسمبلی سکندر شیرپاؤ، خالد زکوڑی، سردار اورنگزیب نے حصہ لیا۔ صوبائی وزیر قانون ارشد عبداللہ نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر مشروط طور پر ہتھیار پھینکنے والوں سے مذاکرات کرے گی۔ |