اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد عوامی تحریک ہے اور کشمیریوں کو ان کی خواہشات کے مطابق حق ملنا چاہیے۔ اسلام آباد میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں پاک بھارت مذاکرات میں کشمیریوں کی شرکت لازمی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بے نظیر بھٹو شہید کا کشمیر کے حوالے سے موقف واضح رہا ہے اور پیپلز پارٹی آج بھی اسی موقف پر قائم ہے۔