آزاد کشمیر میں نئے الیکشن کروائے جائیں، بیرسٹر سلطان
لاہور: آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود نے سردارعتیق حکومت کو ہٹا کر دوبارہ الیکشن کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ پرویز مشرف نے کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے فارمولے پر عملدرآمد کے لئے آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کروائی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر حکومت نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ سلطان محمود کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں غیر جمہوری حکومت کی وجہ سے بھارت لائن آف کنٹرول کی کھلے عام خلاف ورزی کررہا ہے اور اب وادی نیلم میں فوج جمع کی جارہی ہے۔