پشاور: کرم ایجنسی میں جھڑپوں کے دوران مزید اکیس افراد ہلاک ہو گئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے ڈیڈ لائن ختم ہونے پر کارروائی شروع کردی ۔ لوئر کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں باگزئی، ٹنگے ، اڑاولی ، صدہ ، بالش خیل ، مقبل ، نستی گوٹھ اور پیواڑ میں قبائل کے مابین شدید لڑائی جاری ہے ۔ قبائل ایک دوسرے کے خلاف بھاری ہتھیاروں کا استعمال کررہے ہیں تاہم جھڑپوں میں مزید اکیس افراد ہلاک اور پینتیس زخمی ہوگئے۔
پندرہ روز سے جاری جھڑپوں میں اب تک دو سو اٹھانوے افراد ہلاک اور چار سو سات زخمی ہوگئے ۔ جھڑپوں کے دوران متعدد دیہات بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں ۔ ہنگواورکزئی ایجنسی کے عمائدین پر مشتمل جرگے کے درخواست پر سیکورٹی فورسز نے رات بھر متحارب قبائل کے مورچوں پر توپ خانے سے شیلنگ کی تاہم قبائل کے مابین جھڑپیں بدستور جاری ہیں ۔
دوسری جانب کرم ایجنسی کے عمائدین نے جرگہ ارکان اور پولیٹیکل انتظامیہ سے ملاقات کی اور انہیں علاقے کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ عمائدین نے جرگے اور حکومت سے علاقے میں قیام امن کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے اور شر پسند عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔