|
مشرف جہاں چاہیں رہ سکتے ہیں،امریکا
واشنگٹن: امریکا نے پرویز مشرف کو پناہ دینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر جہاں چاہیں رہ سکتے ہیں ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان رابرٹ ووڈ نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر پرویز مشرف نے امریکا میں رہائش کی درخواست کی تو حکام اس کا جائزہ لیں گے۔ ترجمان نے ان افواہوں کی تردید کی کہ امریکی حکام کی طرف سے سابق آرمی چیف کو امریکا میں پناہ لینے کے لئے کہا گیا ہے۔
اس سے پہلے وائٹ ہاؤس کے ترجمان گورڈن جانڈرو نے ایک بیان میں توقع ظاہر کی کہ صدر بش مستقبل قریب میں پاکستانی حکام سے رابطہ کریں گے۔ ترجمان نے پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کے امریکا میں سیاسی پناہ کے متعلق براہ راست بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ سابق پاکستانی صدر اور امریکی حکام کے درمیان اس مسئلے پر رابطے کا انہیں کوئی علم نہیں ہے۔ |