اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کے باعث اسلام آباد نوگوایریا کا منظر پیش کررہا ہے۔ ملک میں جاری دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں۔ شہر کے تمام داخلی راستوں‘ اہم شاہراہوں‘ سفارت خانوں بس اسٹینڈ اور اہم مقامات پر پولیس اور رینجرز کے دستے تعینات ہیں جو تمام گاڑیوں اور سامان کی سخت چیکنگ کررہے ہیں۔
نئے ہفتے کے آغاز پر سیکورٹی پلان کی وجہ سے شہر کے مختلف ناکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں اور مختلف رابطہ سڑکوں پر شدید ٹریفک جام رہا جس کے باعث ملازمین کو دفاتر پہنچنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چیکنگ کے نام پر گھنٹوں گھنٹوں غریب عوام کو خوار کیا جارہا ہے ،حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوئی جامع حکمت عملی اپنائے۔