مشروط طور پر حکومت سے تعاون کیلئے تیار ہیں،راناثناء اللہ
لاہور: مسلم لیگ ن نے میثاق جمہو ریت پر عملدرآمد کی صورت میں وفاقی حکومت سے تعاون کی پیشکش کی ہے۔ پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ نواز شریف نے پیپلز پارٹی سے مفاہمانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے اور وفاقی کابینہ سے علیحدگی کے باوجود مسلم لیگ ن کی طرف سے حکومت کے لئے کوئی دشواری پیدا نہیں کی گئی لیکن گورنر پنجاب کا رویہ صوبائی حکومت کے خلاف اخلاقی اور آئینی قدروں کے برعکس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام تر سازشوں کے باوجود پنجاب حکومت عوامی ترقی اور صوبے کی فلاح وبہبود کا عمل جاری رکھے گی۔ رانا ثناء نے کہا کہ آئندہ اجلاس سے قبل پنجاب اسمبلی میں چھیالیس کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جن میں دس ممبران پر مشتمل کمیٹیوں میں پانچ ممبران مسلم لیگ ن، تین پیپلز پارٹی اور دو اپوزیشن سے شامل کئے جائیں گے جبکہ تیرہ رکنی خصوصی کمیٹیوں میں چھ ارکان مسلم لیگ ن، چار پیپلز پارٹی اور تین اپوزیشن سے شامل کئے جائیں گے۔