لاہور: وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ موت کی سزا آئین اور شریعت کے مطابق ختم کرنے کے مسودے پر وزرات قانون نے کام شروع کر دیا ہے جو منظوری کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ وہ کوٹ لکھپت جیل لاہور کے دورے کے موقعے پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ سال سے کم عرصے کی سزا پانے والوں کے مقدمات قابل ضمانت بنا دیئے جائیں تو ملک کی جیلیں چالیس فیصد خالی ہو سکتی ہیں جہاں اس وقت قریبا نوے ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ سے ملاقات کے بعد انہوں نے اس کی فائل منگوا لی ہے جس پر نظرثانی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا بھارت کی جیلوں میں قید ایک سو پاکستانیوں کی فہرست بھارتی حکام نے پاکستان کے حوالے کر دی ہیں، حکومت ان کی رہائی کے لئے بھارت سے مسلسل رابطے میں ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید زمبیا کی خاتون قید کی رہائی کے انتظامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ وزیر قانون نے قیدی خواتین کے بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔